19 فروری 2014
تقریباً پانچ سال پہلے ہم نے WhatsApp کی شروعات کی تھی اور ہمارا مقصد ایک ایسی پراڈکٹ بنانا تھا جسے عالمی طور پر ہر کوئی استعمال کر سکے۔ اس کے علاوہ ہمارے لیے کچھ اور اہم نہیں تھا۔
آج ہم Facebook کے ساتھ پارٹنر شپ کا اعلان کر رہے ہیں جس سے ہمیں اپنے اس مقصد کی طرف آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔ ایسا کرنے سے WhatsApp کی نشو و نما کی سہولت ملے گی جب کہ مجھے، Brian کو اور ہماری باقی کی ٹیم کو ایک مواصلاتی سروس بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے زیادہ وقت ملے گا جو کہ ممکن حد تک تیز، سستی اور ذاتی ہو۔
آپ کیلئے اور ہمارے صارفین کیلئے کیا تبدیل ہوگا: کچھ نہیں۔
WhatsApp خود مختار رہے گا اور آزادانہ طور پر کام کرے گا۔ ٍآپ معمولی فیس کے عوض اس سروس سے لطف اٹھانا جاری رکھ سکتے ہیں۔ آپ دنیا میں چاہے کہیں بھی ہوں یا کوئی بھی سمارٹ فون استعمال کر رہے ہوں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آپ WhatsApp کا استعمال جاری رکھ سکتے ہیں۔ اور آپ اب بھی بھروسہ کر سکتے ہیں کہ اشتہارات آپ کی مواصلت میں خلل انداز نہیں ہوں گے۔ اگر ہمیں ان بنیادی اصولوں میں سمجھوتہ کرنا پڑتا جو ہمیشہ ہماری کمپنی، ہمارے نظریے اور ہماری پراڈکٹ کی وضاحت کرتے ہیں تو ہماری ان دونوں کمپنیوں کے درمیان کوئی پارٹنر شپ نہ ہوتی۔
ذاتی طور پر Brian اور مجھے لوگوں کی ایک چھوٹی ٹیم کا حصہ ہونے پر بے انتہا فخر ہے جس نے صرف پانچ سالوں کے اندر ایک کمیونیکیشن سروس بنائی جو اب دنیا بھر میں ماہانہ 45 کروڑ سے زیادہ سرگرم صارفین اور یومیہ 32 کروڑ سے زیادہ سرگرم صارفین کی خدمت انجام دیتی ہے۔ انہوں نے 21 ویں صدی کیلئے مواصلات کی دوبارہ وضاحت کرنے اور انقلاب لانے میں مدد کی ہے، اور اس کیلئے ہم ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔
ہماری ٹیم کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ نہ تو خرچ اور نہ ہی فاصلہ لوگوں کو اپنے دوستوں اور عزیز و اقارب سے جڑنے میں رکاوٹ کا سبب ہونا چاہیے، اور ہم اس وقت تک پُرسکون نہیں ہوں گے جب تک کہ ہر کسی کو یہ موقع فراہم نہ کردیں۔ اس اگلے باب کو ممکن بنانے اور اس خاص سفر میں ہمارے ساتھ شامل ہونے کیلئے ہم اپنے تمام صارفین اور اپنی زندگی میں موجود ہر فرد کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔