15 جنوری، 2021
ہمیں بہت سارے لوگوں سے یہ معلوم ہوا ہے کہ ہمارے نئے اپ ڈیٹ کے بارے میں لوگ بہت زیادہ غلط فہمیوں کا شکار ہیں۔ فکر اور تشویش پیدا کرنے والی بہت سی غلط معلومات اور افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ لہذا ہم اپنے اصول اور ضابطے اور سچائی جاننے میں سب کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
WhatsApp کو ایک نہایت آسان آئیڈیا کی بنیاد پر بنایا گیا ہے اور وہ یہ کہ آپ اپنے دوستوں اور فیملی کے ساتھ جو بھی شیئر کرتے ہیں وہ آپ ہی کے درمیان رہتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم شروع سے آخر تک مرموز کاری (اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن) کے ذریعے ہمیشہ آپ کی ذاتی بات چیت کی حفاظت کرتے ہیں اور کریں گے، لہذا WhatsApp ہو یا Facebook، کوئی بھی آپ کے نجی پیغامات کو نہیں دیکھ سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم یہ ریکارڈز اپنے پاس نہیں رکھتے کہ کون کسے پیغام بھیج رہا ہے یا کال کر رہا ہے۔ WhatsApp آپ کا شیئر کیا گيا مقام بھی نہیں دیکھ سکتا اور نہ ہی Facebook کے ساتھ آپ کے رابطے شیئر کرتا ہے۔
ان اپ ڈیٹس سے ان میں سے کچھ بھی تبدیل نہیں ہو رہا ہے۔ بلکہ اس اپ ڈیٹ میں ایسے نئے آپشنز شامل ہیں جو WhatsApp پر کسی کاروبار کو پیغام بھیجنے کیلئے لوگوں کے پاس ہوں گے اور یہ اپ ڈیٹ ہمارے ڈیٹا حاصل کرنے اور استعمال کرنے کے بارے میں مزید شفافیت فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ فی الحال ہر کوئی WhatsApp پر کاروبار سے خریداری نہیں کرتا ہے لیکن ہمارا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں زیادہ لوگ WhatsApp پر خریداری کریں گے، لہذا لوگوں کا ان سروسز سے واقف ہونا اہم ہے۔ یہ اپ ڈیٹ Facebook کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرنے کی ہماری قابلیت میں اضافہ نہیں کرتا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر، ہم اب لوگوں کے لیے سروس کی شرطوں کو پڑھنے اور قبول کرنے کی تاریخ آگے بڑھا رہے ہیں۔ کسی کا بھی اکاؤنٹ 8 فروری کو معطل یا ڈیلیٹ نہیں ہوگا۔ اس دوران ہم WhatsApp کی رازداری، پرائیویسی اور سیکیورٹی کے بارے میں پھیلی غلط معلومات اور افواہوں کو رد اور ختم کرنے کیلئے اور بھی بہت کچھ کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے بعد ہم 15 مئی کو نئے کاروباری آپشنز دستیاب ہونے سے پہلے لوگوں سے آہستہ آہستہ ان کی اپنی سہولت کے مطابق پالیسی پڑھنے کو کہیں گے۔
WhatsApp نے دنیا بھر کے لوگوں کو شروع سے آخر تک مرموز کاری (اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن) کی سہولت فراہم کرنے میں مدد کی ہے اور ہم اب بھی اور آئندہ کیلئے بھی حفاظت اور سیکیورٹی کی اس ٹیکنالوجی کے دفاع کیلئے پُرعزم ہیں۔ ہم ان سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہم سے رابطہ کیا اور ان بہت سارے لوگوں کا بھی جنہوں نے سچائی پھیلانے میں اور افواہوں کو روکنے میں مدد کی۔
ہم WhatsApp کو نجی طور پر بات چیت کرنے کا بہترین ذریعہ بنانے کیلئے اپنی بھرپور کوشش جاری رکھیں گے۔